پاکستان کی کشمیر پالیسی کشمیریوں کی خواہشات کے عین مطابق ہے ، پاکستانی ہائی کمشنر معظم خان
برمنگھم 02اگست (کے ایم ایس)برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان نے کہاہے کہ پاکستان کی کشمیر پالیسی اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے عین مطابق ہے اور حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو کسی بھی صورت میں نظر انداز نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے میں مثالی کردار ادا کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مابق پاکستانی ہائی کمشنر نے ان خیالات کا اظہار جموں وکشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام برطانیہ کے شہر برمنگھم میں منعقدہ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی میزبانی تحریک کی مڈلینڈ برطانیہ کی چیئرپرسن آسیہ حسین نے کی۔ پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد نے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے کی گئی کوششوں کو پاکستانی ہائی کمیشن لندن انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوںنے اس سلسلے میںجموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل اور کل جماعتی رابطہ کمیٹی کے اکابرین کابھی شکریہ ادا کیا۔انہوںنے کہاکہ راجہ نجابت حسین اور ان کی ٹیم طویل عرصہ سے ہر سفارتی محاذ پر مسئلہ کشمیر کیلئے موثر لابی مہم چلا رہی ہے اور برطانیہ بھر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے مضبوط آواز بلند کرتے چلے آ رہے ہیں، ہماری ہمیشہ سے ہی ہر ممکن کوشش ہوتی ہے کہ ہم برطانیہ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں تک انتہائی مثبت انداز میں حکومت پاکستان اورپاکستانی عوام کا نقطہ نظر پہنچاتے رہیں۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی جانب سے یقین دلایا کہ جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کی اس تحریک میں، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروانے میں اور عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں ہم اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
راجہ نجابت حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری تحریک سفارتی میدان میں انتہائی موثر لابی گروپ کا کام سر انجام دے رہی ہے اور ہماری تحریک ہمیشہ سے ہی مسئلہ کشمیر کو برطانیہ، یورپ اور دنیا کے دیگر ممالک میں اور بین الا قوامی فورمز پر اجاگر کرنے کے لئے سفارتی لابی سرگرمیاں کرتی رہتی ہے۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ15اگست تک ہماری تحریک برطانیہ بھر میں مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں کانفرنسیں، سیمینارز و دیگر تقریبات منعقد کرے گی اور مسئلہ کشمیر کی سنگینی کو پوری دنیا تک پہنچایا جائے گا۔ہماری تمام تقریبات میں ماضی کی طرح تمام لوکل کونسلرز، میئرز، لارڈ میئرز اور برطانوی ممبران پارلیمنٹ اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں گے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے اپنی آوازیں بلند کریں گے۔کانفرنس میں برمنگھم میں پاکستانی قونصلیٹ کے قونصل جنرل سردار عدنان رشید اور وائس قونصل جنرل بختاور میر کے علاوہ کشمیری رہنمائوں حافظ فضل احمد قادری ، صاحبزادہ محمد فاروق قادری،چوہدری محمد عظیم، محمد غالب، چوہدری خادم حسین، یاسمین ڈار، راجہ غضنفر خالق، محمد ادریس، ذاکر چوہدری اور کنزرویٹو پارٹی برمنگھم کے چیئرمین اور دیگر نے بھی شرکت کی ۔