مقبوضہ کشمیر، راجوری میں شدیدسیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی
جموں 02اگست (کے ایم ایس)
غیرقانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں شدید سیلاب سے ایک نوجوان دریائے سورن میں بہہ گیا جبکہ کم سے کم 180 مکانات، 100دکانیں اور 60گاڑیاں اور کروڑوں روپے کی املاک کو نقصان پہنچاہے۔
سرنکوٹ قصبے کے چار میونسپل وارڈوں کے تاجروں اورمقامی لوگوں کا موسلادھار بارشوں اورسیلابی ریلوں سے کروڑوں روپے کا نقصان ہواہے۔ سیلابی پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا جس سے املاک اور دیگر سامان کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ سرنکوٹ کے چار میونسپل وارڈوں میں ڈاک بنگلہ محلہ، تحصیل آفس محلہ، بی ڈی او آفس محلہ، اقبال نگر اور ہری محلہ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ قصبے میں پانی پہاڑیوں سے بہتا ہوا نیچے آ یا اور کچھ ہی لمحوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے ۔