مقبوضہ جموں و کشمیر

سیالاں قتل عام کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت

اسلام آباد03 اگست (کے ایم ایس )
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں نے غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں سیالاں قتل عام کے شہداء کو24ویں برسی پر شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں محمد حسین خطیب، محمود اختر قریشی ایڈووکیٹ ، مشتاق احمد زرگر، خواجہ نعیم الحسن اورمحمد لطیف لون نے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ بھارتی فوجیوں نے ضلع پونچھ میں سرنکوٹ کے علاقے سیالاں میں اپنے ایک مخبر کی موت کا بدلہ لینے کیلئے فرقہ پرست عناصر کی مدد سے 3اور 4اگست 1998کی درمیانی شب شہید امتیاز احمد شیخ المعروف میجر گل کے 19اہلخانہ کوشہید کردیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ شہداء میں لسہ شیخ، احمد دین شیخ اور حسن محمد کے خاندانوں کے مر د ، خواتین اور بچے شامل تھے ۔حریت رہنمائوںنے کہاکہ عوامی دبائو کے پیش نظر بادل نا خواستہ 1988میں بھارتی قاتل فوجیوں کے خلاف ایک مقدمہ تو درج کیاگیا مگر 25برس گزرنے کے باوجود ابھی تک جانبدار بھارتی عدلیہ متاثرہ خاندانوںکو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے اور قاتل بھارتی فوجی آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں ۔ انہوں نے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے5اگست 2019کے بھارت غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت کی ۔ انہوںنے بھارتی فوجیوں کی طرف سے جعلی مقابلوں میں نہتے کشمیریوںکا قتل عام فوری رکوانے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر5اگست کو یوم سیاہ اور یوم استحصال کشمیر کے طورپرمنایا جائے گا۔ انہوںنے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی بند کرانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں نے بلوچستان میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں پاک فوج کے جنرل سرفراز علی اور دیگر فوجی افسروں کی شہادت پر بھی گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ملک بھر میں خصوصا بلوچستان میں حالیہ بارشوں اورسیلاب کے دوران جانی اور مالی نقصان پر بھی رنج و غم کا اظہار کیا ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button