مقبوضہ کشمیر :حریت رہنمائوں کی طرف سے بھارتی ریاستی دہشت گردی پر اظہار تشویش
سرینگ: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے مذاکرات کے ذریعے پرامن حل پر زور دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں غلام محمد خان سوپوری، عبدالاحد، سید بشیر اندرابی، ایڈووکیٹ ارشد اقبال، دیویندر سنگھ بہل، نریندر سنگھ، میر شاہد سلیم اور مولانا مصعب ندوی نے اپنے الگ الگ بیانات میں بھارت پرزوردیا کہ وہ اپنے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کی کتاب سے سبق حاصل کریں جو جانتے تھے کہ کشمیر ایک سیاسی تنازعہ ہے جسے اہم فریقوں کے درمیان بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو مودی کی بھارتی حکومت کی جانب سے بدترین امتیازی سلوک اور ناانصافیوں کا سامنا ہے اورمقبوضہ علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ڈھٹائی سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق کو پامال کر رہی ہے۔حریت رہنمائوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر پر بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے گزشتہ 76 سال سے کشمیری انصاف کے منتظر ہیں جبکہ متعصب بھارتی عدلیہ نے کشمیریوں کو کبھی انصاف فراہم نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی صرف مودی حکومت کو کشمیریوں کے خلاف منظم طریقے سے ظلم و ستم کاسلسلہ جاری رکھنے کی ترغیب دے رہی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی فریاد سن کر اپنا کردار ادا کرے اور دیرینہ تنازعہ کشمیرکو انصاف کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اصولوں کے مطابق حل کرے جو مقبوضہ کشمیرمیں خونریزی کو ختم کرنے کا واحد راستہ ہے۔