مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کے اپنے مذموم منصوبے پر مسلسل عمل پیرا ہے،بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد04اگست (کے ایم ایس )
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرکے مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کیلئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یوم استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تین برس میںمقبوضہ علاقے میں ہونے والی تبدیلیوں نے یہ بات واضح کردی ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے اپنے مذموم منصوبوں پر مسلسل عمل پیرا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت ایسا جابرانہ اقدامات کے ذریعے کررہا ہے جس کے تحت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کی قیمت پر ہندو اکثریتی حلقے بنائے گئے، غیر کشمیریوں کو لاکھوں جعلی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے اور زمین اور جائیداد کی ملکیت سے متعلق قوانین میں ترمیم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے اور یہ کشمیریوں کے الگ تشخص کو ختم کرنے کی بھارتی کوشش کے سوا کچھ نہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نو لاکھ بھارتی فوجیوں کی موجودگی نے کشمیر کو دنیا کے سب سے زیادہ عسکری زون میں تبدیل کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماورائے عدالت قتل، بے دریغ نظربندیوں، حقیقی کشمیری قیادت کو قید اور ہراساں کرنے سمیت انسانی حقوق کی دیگر سنگین خلاف ورزیوں کے ذریعے کشمیریوں کے انسانی مصائب کو اچھی طرح سے دستاویزی شکل دی گئی ہے اور دنیا بھر میں ان کی مذمت کی گئی ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے اب تک 650 سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں، سال رواں 130 سے زائد کشمیری شہید کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری صحافیوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کے ساتھ بھارت کے قابل مذمت سلوک نے عیاں کردیا ہے کہ بھارت اپنے ناجائز قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کرے گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات اور اس کے بعد کیے گئے اقدامات بین الاقوامی قانون ، عالمی برادری کے خیالات اور کشمیری عوام کی امنگوں کی سراسر بے توجہی کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کو انسانی حقوق اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی میڈیا کے ذریعہ ریکارڈ شدہ اور پیش کردہ متعدد رپورٹس اور ویڈیو شواہد کے ذریعے وسیع پیمانے پر دستاویزی شکل دی گئی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران کشمیریوں کی تین نسلیں عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے اپنے پختہ وعدوں کا احترام کرنے کا انتظار کررہی ہیں، اقوام متحدہ کو کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلانے کے اپنے وعدے پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ بھارت سمیت اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں رہا ہے، بدقسمتی سے بھارتی اقدامات اور اس کے نتیجے میں ہونے والی سازشوں نے جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کے ماحول کو خراب کردیا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button