مقبوضہ جموں و کشمیر

پاکستان جموں وکشمیر کی آزادی کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاتا رہے گا، منیر اکرم

نیویارک14 اگست (کے ایم ایس) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان ہر فورم پر جموںوکشمیر کی آزاد ی کے آواز اٹھانا رہے گا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق منیر اکرم نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے نام ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اس وقت مسلمانوں کو منظم ریاستی جبر اور بنیادی حقوق غصب کیے جانے کا سامنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی-آر ایس ایس کی حکومت بھارت میں اسلامی میراث کو ختم اور مسلم حکمرانوں اور خاندانوں کی عظیم شراکت کی تاریخ کو مٹانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بانیوں نے سخت مخالفت کا سامنا کیا اور عزم و دانشمندی اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام ممکن بنایا۔ ہمارے لاکھوں بھائیوں ، بہنوں نے اپنے وطن پاکستان پہنچنے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں،ہمیں ان کی بہادری اور قربانیوں کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے۔ منیر اکرم نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو ایک مضبوط، جدید، جمہوری اسلامی ریاست کے طور پر محفوظ اور تعمیر کرنا چاہیے جہاں سب خوشحال ہو ں اور کوئی پیچھے نہ رہے۔ہمیں قائد کے نظریے کو آگے بڑھانے اور اس کو عملی جامہ پہنانے کے عہد کا اعادہ کرنا چاہیے۔
منیر اکرم نے کہا کہ جموں و کشمیر پاکستان کے جسم اور روح کا حصہ ہے جسے بھارتی قبضے اور جبر نے حق خودارادیت اور آزادی سے محروم کر دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری گزشتہ تین برسوں سے ایک ظالمانہ فوجی محاصرے میں ہیں، نو لاکھ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کا راج قائم کر رکھا ہے، نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے ، انہیں گرفتار اور تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، کشمیری رہنماﺅں کو غیر قانونی حراست میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے قائد نے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کو قوم کی تعمیر کا سنگ بنیاد قرار دیا۔ یہ وہ تین ستون ہیں جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قائداعظمؒ کے نظریے کی تکمیل اور اپنے معاشرے کو سب کے لیے جامع اور روادار بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنی چاہیے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button