مقبوضہ جموں و کشمیر

تعزیتی ریفرنس میں شیخ تجمل الاسلام کو شاندار خراج عقیدت

اسلام آباد24 ستمبر (کے ایم ایس )
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام کشمیر کاز کے علمبردار ، بزرگ صحافی ،دانشور اورکشمیر میڈیا سروس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرشیخ تجمل الاسلام کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس حریت سیکریٹریٹ اسلام آبادمیں منعقد ہوا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریفرنس کی صدارت وفاقی وزیرسید فخر امام نے کی جبکہ آزاد کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ریفرنس کے مقررین میں برطانیہ سے ڈاکٹر نذیر احمد قریشی، جموں وکشمیرتحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین ،چیئرمین البصیرہ سید ثاقب اکبر ،حریت آزاد کشمیرکے رہنماء محمد فاروق رحمانی ، غلام محمد صفی ،سید فیض نقشبندی ، شیخ عبدالمتین،زاہد صفی اور کشمیر ٹائمز کے ایڈیٹر عابد عباسی شامل تھے۔ حریت آزادی کشمیر کے رہنمائوں ، برطانوی رکن پارلیمنٹ اور کشمیر میڈیاسروس کے عملے کے ارکان سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی ۔مقرری نے شیخ تجمل الاسلام کی علمی ، ادبی اور تحریکی خدمات پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ شیخ تجمل الاسلام نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے ہر محاذ پر اپنا شاندار کردار ادا کیا اور ان کی تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ قربت بہت طویل تھی ۔ حریت قائدین نے شیخ تجمل الاسلام کی کامیابیوں، خدمات اور جذبہ حریت کوکشمیر قیادت کیلئے مشعل راہ قراردیا۔انہوںنے کہاکہ شیخ تجمل الاسلام کی وفات سے کشمیری اپنے ایک عظیم محسن اور وکیل سے محروم ہو گئے ہیں۔ مقررین نے کہاکہ کشمیر کاز کے حوالے سے مرحوم کے کردار اور خدمات کو سنہری حروف میں لکھا جائیگا۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کے حضور مرحوم کی بلندی درجات اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمانے اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ مقررین نے اس موقع پر بزرگ حریت رہنماء سیدعلی گیلانی کی قربانیوں اور خدمات کو بھی اجاگر کیا جن کا یکم ستمبر کو ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک گھر میں نظربند رہنے کے بعد انتقال ہو گیا تھا ۔ انہوںنے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقو ق کی پامالیون کے بارے میں برطانوی پارلیمنٹ میں بحث کا بھی خیرمقدم کیا۔
واضح رہے کہ شیخ تجمل الاسلام 5ستمبر کی شب اسلام آباد میں مختصر علالت کے بعد فوت ہو گئے تھے۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما شیخ عبدالمتین نے جموں و کشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کی طرف کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کرنے پر اسکاشکریہ ادا کیا ہے۔ شیخ عبدالمتین نے اسلام آباد میں ایک بیا ن کہا کہ رابطہ گروپ نے نیویارک میں اپنے اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں یہ بات واضح کردی ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعہ کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی پرشدید تشویش کا اظہار کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button