بھارت کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا اپنا وعدہ پورا کرے : حریت رہنما
سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینے کا اپنا وعدہ پورا کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں فریدہ بہن جی، خواجہ فردوس، بشیر اندرابی، عبدالصمد انقلابی ،مولانا مصعب ندوی، ایڈوکیٹ ارشد اقبال، محمد مصعب وانی اوریاسین عطائی نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں افسوس کا اظہار کیا کہ سات دہائیوں سے زائد عرصہ گزرجانے کے باوجود کشمیریوں کے ساتھ کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کا حل نہ ہونا پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی اور بدامنی کی بنیادی وجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے ۔ حریت رہنمائوں نے کہاکہ بھارت کے غیر قانونی قبضے نے جموں وکشمیر کو اس کے باشندوں کے لیے جہنم بنا دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی ہٹ دھرمی تنازعہ کشمیر کو خوش اسلوبی سے حل کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اس طرح خطے کے امن کوشدید خطرات لاحق ہیں۔ حریت رہنمائو ںنے کہا کہ خطے میں پائیدارامن، استحکام اور ترقی حق خودارادیت کی بنیاد پر تنازعہ کشمیر کے حل سے ہی حاصل کی جا سکتی ہے جس کا وعدہ کشمیری عوام سے اقوام متحدہ کی 5جنوری 1949کی قرارداد میں کیا گیاہے۔