کشمیری آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں
سرینگر15اگست(کے ایم ایس) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیںتاکہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف احتجاج درج کرایا جاسکے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیرمیں آج مکمل ہڑتال اور سول کرفیو نافذ ہے جس کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے اور تمام حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے۔مقبوضہ علاقے میں جگہ جگہ سیاہ پرچم لہرائے گئے ہیں۔دنیا بھر میں کشمیری بھارت کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں تاکہ دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرائی جا سکے۔ میر واعظ عمر فاروق اور شبیر احمد شاہ سمیت کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے اپنے بیانات میں کہا کہ بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں کیونکہ اس نے کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف علاقے پر قبضہ جمارکھا ہے ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی حیثیت کسی جارح سے کم نہیں جس نے گزشتہ 75 سال سے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کاکشمیریوں کا حق سلب کر رکھا ہے۔