چیف جسٹس آف انڈیا سے بلقیس بانو کیس کے مجرموں کی رہائی منسوخ کرنے کا مطالبہ
لکھنو 18اگست(کے ایم ایس)
اتر پردیش اقلیتی کانگریس نے بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمنا سے بلقیس بانو کیس کے مجرموں کی رہائی کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اترپردیش میں اقلیتی کانگریس کے ریاستی صدر شاہنواز عالم نے چیف جسٹس کو بھجوائی گئی ایک یادداشت میں ان سے کہاہے کہ بلقیس بانوکی اجتماعی عصمت دری اور اس کے 7اہلخانہ کے قتل میں ملوث 7مجرموں کی رہائی دنیا بھر میں بھارت کے عدالتی نظام کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے۔ اس لیے سپریم کورٹ کو چاہیے کہ وہ ان گھنائونے مجرموں کی رہائی کو کالعدم قرار دے، تاکہ لوگوں کا نظام انصاف پر اعتماد بحال ہو سکے۔ شاہنواز عالم نے کہا کہ 2008میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے جج یو ڈی سالوی نے اپنے فیصلے میں بلقیس کے بیانات کو جرات مندانہ قرار دیا تھا جس کی وجہ سے مجرموں کی سزا کو یقینی بنایا گیا۔انہوں نے کہاکہ اگر سپریم کورٹ گجرات حکومت کی جانب سے بلقیس بانو کیس کے مجرموں کی رہائی پر خاموشی اختیار کریت ہے تو مستقبل میں بھارت میںکوئی بھی عصمت دری کی شکار خاتون انصاف مانگنے کی ہمت نہیں کر سکے گی۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی کانگریس اس ناانصافی کے خلاف بلقیس اور اس کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔