جموں: غیرکشمیری لوگوں کو ووٹ کا حق دینے کے خلاف شیوسینا کا احتجاجی مظاہرہ
جموں20اگست(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںشیو سینا نے علاقے میں مقیم غیر مقامی لوگوں کو ووٹ کا حق دینے کے بھارتی حکومت کے فیصلے کے خلاف جموں میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شیو سینا نے اس اقدام کو بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں اقتدار پر قبضہ کرنے کی سازش قرار دیا۔ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں شیو سینا کے صدر منیش ساہنی نے جنہوں نے مظاہرے کی قیادت کی، غیر مقامی لوگوں کو حق رائے دہی دینے کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگوں میں بی جے پی کے خلاف غم وغصے کو محسوس کرتے ہوئے اب غیر مقامی لوگوں کی مدد سے علاقے میں اقتدار پر قبضہ کرنے کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدام سے کشمیری عوام کی ثقافت اور شناخت متاثر ہوگی جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ساہنی نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرکی تمام سیاسی جماعتوں کو اس فیصلے کے خلاف احتجاج کے لیے متحد ہونا چاہیے۔