پاکستان فیڈریشن آف ایوان ہائے صنعت و تجارت کے وفد کا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر کا دورہ
اسلام آباد21اگست(کے ایم ایس)پاکستان فیڈریشن آف ایوان ہائے صنعت و تجارت کے کشمیر امور کے کنوینئر محمد اقبال اسد نے ایک وفد کے ہمراہ آج اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں و کشمیر شاخ کے دفتر کا دورہ کیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق وفد نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں و کشمیر شاخ کے کنوینئر محمود احمد ساغر اور دیگرحریت رہنمائوں سے ملاقات کی ۔محمود احمد ساغر نے وفد کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فورسزنے مقبوضہ علاقے کو عملاً ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کررکھا ہے اور کشمیری عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اسرائیل کی طرز پر آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ اس موقع پرحریت رہنما محمد فاروق رحمانی، غلام محمد صفی، شیخ عبد المتین، شیخ محمد یعقوب، سید اعجاز رحمانی ،زاہد صفی، مشتاق احمد بٹ ، زاہد اشرف اور امتیاز وانی شامل تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی نظریں پاکستان پر ہیں کہ وہ کشمیریوں کی آواز عالمی برادری تک پہنچائے گا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان ہی کشمیریوں کا وکیل ہے جس نے کشمیریوں کے لئے ہرفورم پرآواز اٹھائی ہے۔ محمد اقبال اسد نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کے پشت پرکھڑے ہیں اور پاکستان تنازعہ کشمیر کے حل ہونے تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری دراصل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ہم کشمیری شہدا ء کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ اس موقع پرپاکستان فیڈریشن آف ایوان ہائے صنعت و تجارت کے کشمیر امور کے رکن ڈاکٹر ہمایوں کو شیلڈ پیش کی گئی۔ آخرپر شہدا ئے جموں و کشمیر کے لئے دعا کی گئی۔