کل جماعتی حریت کانفرنس نے یکم ستمبر کو ہڑتال،حیدر پورہ کی طرف مارچ کی کال دیدی
کشمیری صحافی آصف سلطان کے جیل میں چا ر برس مکمل
سرینگر27اگست( کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر کی تحریک مزاحمت کے عظیم قائد سید علی گیلانی کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یکم ستمبر بروز جمعرات مکمل ہڑتال اور سرینگر میں حیدر پورہ کی طرف مارچ کریں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے گزشتہ برس یکم ستمبر کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں اپنی رہائش گاہ پرجہاں انہیں ایک دہائی سے زائد عرصے تک مسلسل نظربند رکھا گیا،بھارتی پولیس کی حراست کے دوران شہادت پائی تھی ۔ بھارتی فورسز کے اہلکار بزرگ رہنما کی وصیت کے خلاف رات کی تاریکی میں انکی میت اٹھا کر سرینگر کے حیدر پورہ قبرستان میں زبردستی تدفین کے لیے لے گئے تھے۔ سید علی گیلانی کے اہلخانہ کے مطابق بزرگ قائد اپنی تدفین سرینگر کے عیدگاہ مزارشہداء میں چاہتے تھے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں ایک بیان میں مقبوضہ علاقے کے لوگوں سے کہا کہ وہ مکمل ہڑتال کریں اور کشمیر کی تحریک آزادی کے عظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے حیدر پورہ کے قبرستان میں جمع ہوں ۔بیان میں آئمہ اور علمائے کرام پر زور دیا گیا کہ وہ سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کریں اور مساجد میں خصوصی دعائیں کریں۔
بھارتی پولیس نے شمالی کشمیرمیں ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندوارہ میں حریت کارکن پیر عطاء اللہ شاہ کے گھر پر چھاپہ مارکر انہیں گرفتارکرلیا۔ پولیس نے ضلع بارہمولہ میں سوپور کے علاقے بومئی میں ایک ناکے پر تین نوجوانوں کو بھی گرفتارکرلیا۔
دریں اثناء غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری صحافی آصف سلطان کو آج جیل میں چارسال مکمل ہوگئے۔ وہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتاری کے بعد اس وقت بھارتی ریاست اترپردیش کی آگرہ سینٹرل جیل میں نظربند ہیں۔انہیں کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم کو اجاگرکرنے پر 2018میںآج ہی کے دن گرفتارکیاگیاتھا۔
ادھر بھارتی شہر چندیگڑھ میں ایک عدالت نے کشمیریوں کے خلاف اپنے تعصب کا اظہار کرتے ہوئے نومبر 2010ء میں ایک سیمینار کے دوران کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئررہنما میرواعظ عمر فاروق پر حملے میں ملوث سابق میئر آشا جیسوال سمیت تمام20 ملزموں کو بری کردیا۔ہندو انتہاپسندوں نے میرواعظ عمرفاروق پر حملہ انٹر نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے تنازعہ کشمیر پر منعقدہ ایک سیمینار کے دوران کیاتھا۔