بھارتی صحافی پی سائیناتھ نے مذہبی تنظیم مروگامٹھ کی طرف سے دیا گیا بسواشری ایوارڈ واپس کر دیا
نئی دہلی 03 ستمبر (کے ایم ایس) سینئر بھارتی صحافی اور پیپلز آرکائیو آف رورل انڈیا (پی اے آر آئی ) نیٹ ورک کے بانی پی سائیناتھ نے لنگایت برادری کی مذہبی تنظیم مروگا مٹھ کی طرف سے انہیں دیا گیا بسوا شری ایوارڈ واپس کر دیاہے۔
پی سائیناتھ نے بھارتی ریاست کرناٹک میں لنگایت برادری کے ایک رہنما شیومورتی مروگا شرنارو پر دو نابالغ لڑکوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام سامنے آنے کے بعد یہ ایوارڈ واپس کر دیا۔
پی سائیناتھ نے ذرائع ابلاغ کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ وہ لڑکیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بسوا شری ایوارڈ اور 5 لاکھ روپے کی انعامی رقم واپس کر رہے ہیں۔
کرناٹک کی سیاسی طور پر طاقتور برادری لنگایت کے سرکردہ ہندو مذہبی رہنما کی طرف سے دو نابالغ لڑکیوں کے جنسی استحصال کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہروں کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔انہیں خاص طور پر دلت برادری کے شدید احتجاج پر گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے لڑکیوں کے الزامات کے بعد قریباً ایک ہفتے تک شیو مورتی مروگھا شرنارو کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی تاہم شدید مظاہروں کے بعد انکے خلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ وکلا نے بھی ہائی کورٹ کو لکھا ہے کہ ہندو رہنما کے خلاف تحقیقات غیر جانبدارانہ، آزادانہ اور منصفانہ طریقے سے نہیں ہو رہیں۔