بی جے پی،آر ایس ایس والے لوگوں کو ڈرارتے ہیں اور نفرت پیدا کرتے ہیں:راہل گاندھی
نئی دہلی04ستمبر(کے ایم ایس) بھارت میں کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ جب سے بی جے پی اقتدار میں آئی ہے ملک میں نفرت اور اشتعال انگیزی بڑھتی ہی جارہی ہے۔
نئی دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقدہ کانگریس کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے رہنما ملک کو تقسیم کررہے ہیں اور جان بوجھ کر خوف پیدا کررہے ہیں۔ لوگوں کو ڈراتے ہیں اور نفرت پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جس کو ڈر ہوتا ہے، اس کے اندر نفرت پیدا ہوتی ہے اور بھارت میں ڈر بڑھتا جا رہا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور مستقبل کا خوف بڑھتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کے دوران صرف دو صنعت کاروں کو فائدہ ہوا ہے۔ آپ کے خوف اور نفرت کا فائدہ انہیں کے ہاتھوں میں جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 8 سال میں اور کسی کا فائدہ نہیں ہوا۔ میڈیا ملک کے لوگوں کو خوفزدہ کرتا ہے۔کانگریس رہنما نے کہاکہ تیل، ایئرپورٹ، موبائل کا پورا شعبہ ان دونوں صنعت کاروں کے سپرد کیا جا رہا ہے۔راہل گاندھی نے زرعی قوانین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان تینوں قوانین کو صنعت کاروں کے لیے لایا گیا تھا۔ کسانوں کی طاقت نے ان قوانین کو واپس لینے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں عام شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ جی ایس ٹی نے چھوٹے تاجروں کو ختم کر دیا حالانکہ سب سے زیادہ روزگار انہیں سے پیدا ہوتا ہے۔