بھارت :دوسری کمیونٹی کی لڑکی سے شادی کرنے پر مسلم نوجوان کو 5سال قید کی سزا
لکھنو 20 ستمبر (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست اتر پردیش کی ایک عدالت نے غیر قانونی طورپر تبدیلی مذہب کے کالے قانون کے تحت ایک 26 سالہ مسلم نوجوان کو دوسری کمیونٹی کی لڑکی سے شادی کرنے پر 5سال قید کی سزا سنائی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آشوتوش پانڈے نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ سال دسمبرمیں یہ قانون متعارف کرائے جانے کے بعد سے، امروہہ کی عدالت نے تبدیلی مذہب کے پہلے مقدمے میں ایک مسلم نوجوان کو 5سال قید کی سزا سنائی ہے۔امروہہ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کپیلا راگھو نے مسلم نوجوان افضل کودوسری کمیونٹی کی لڑکی سے شادی کرنے پر 5 سال قید اور 40ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی ۔حسن پور پولیس اسٹیشن کے تفتیشی افسر گجیندر پال سنگھ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ گزشتہ سال4اپریل کو امروہہ پولیس نے افضل کو دہلی سے گرفتار کیا تھا اور اسے دوسری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی لڑکی کو اسلام قبول کرنے کے بعد اس سے سے شادی کرنے کے الزام میں اتر پردیش کے اس کالے قانون کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار کیاتھا۔