لیسٹر کے حالات بی جے پی اور آر ایس ایس کے ہندوتوا نظریات کا نتیجہ ہیں، سابق لارڈ مئیر عبدالرزاق عثمان
لندن 22 ستمبر (کے ایم ایس)
برطانیہ کے شہر لیسٹر کے سابق لارڈ میئر عبدالرزاق عثمان نے کہا ہے کہ لیسٹر میں ہونے والے فسادات کی شہر کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ غیر یقینی حالات کے سبب شہر ی شدید خوف میں مبتلا ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لندن میں ایک انٹرویو کے دوران عبدالرزاق عثمان نے کہا کہ لیسٹر کے حالات بھارتی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور ہندوتوا تنظیم راشٹریہ سوایم سیوک سنگھ کے نظریات کا نتیجہ ہیں۔ نریندر مودی کے زہریلے نظریات کے اثرات لیسٹر میں بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی تقسیم نظر آتی ہے۔ مختلف مذاہب کے ماننے کے باوجود پاکستانی اور بھارتی ایک ساتھ ہنسی خوشی رہتے رہے ہیں۔ عبدالرزاق عثمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانیوں اور بھارتیوں نے کاروبار بھی مل کر کیا ہے۔ اب ایسا گروہ سرگرم ہے جو کمیونٹیز میں نفرت کا پرچار کر رہاہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی کمیونٹی کو بھی فساد پھیلانے والوں کو مسترد کر دینا چاہیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں میں لیسٹر میں ہندو مسلم کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے ۔ ہفتے کے روز ہندو انتہاپسندوں کے گروپوں نے مسلمانوں اور سکھوں کی اکثریتی آبادی والے علاقے میں مارچ کے دوران جے شری رام کے نعرے لگائے۔ حالیہ مہینوں کے دوران مساجد کے باہر نعرے لگانے، مسلمانوں پر حملوںاور ان کے گھروں اور کاروباروں میں توڑ پھوڑکرنے سمیت اشتعال انگیزی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔اس دوران دونوں برادریوں کے درمیان فسادات شروع ہو گئے ۔