مقبوضہ جموں و کشمیر

حریت رہنماوں اور تنظیموں کا اقوام متحدہ میں تنازعہ کشمیر اجاگر کرنے پرپاکستانی وزیر اعظم کا شکریہ

 

 

سرینگر 26 ستمبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنماوں اور تنظیموں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تنازعہ کشمیر اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کو اجاگر کرنے پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بزرگ حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری نے پلوامہ میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پروزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جس انداز میں بات کی وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نہایت جرات سے اور موثر انداز میں کشمیریوں کی نمائندگی کی اور دنیا کو مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ میں کشمیری عوام کی ترجمانی کرنے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا ایک فریق ہونے کی حیثیت سے پاکستان کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ دنیا کے ہر فورم پر اس مسئلے کو اٹھائے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے جس طرح کشمیر کی سنگین صورتحال کو اجاگر کیا اور کشمیر میں بھارت کے نوآبادیاتی طرز عمل، بربریت اور فسطائیت کی مذمت کی وہ قابل ستائش ہیں۔جموں و کشمیر ایمپلائز موومنٹ کے وائس چیئرمین امتیاز وانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے پاکستان کی قربانیاں اور کوششیں ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے ایک اہم فریق کے طور پر پاکستان نے پہلے دن سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھی تاکہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیا جا سکے۔انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا بھی شکریہ اداکیا۔جموں و کشمیر ماس مومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید میر نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم نے ا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سفارت کاری میں اور پاکستانی مندوب صائمہ سلیم نے اپنی تقریر میں کشمیری عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی ۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کا ہی نتیجہ ہے کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بین الاقوامی برادری کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت حاصل ہورہی ہے اور دنیا مقبوضہ علاقے میں بھارت کی بربریت کی مذمت کر رہی ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button