یواین جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کریں،بیرسٹر سلطان
نیویارک30ستمبر(کے ایم ایس)آزاد جموںوکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے امید ظاہر کی ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر کسبا کوروسی Csaba Korosi اقوام متحدہ کے ایجنڈے پرموجود قدیم ترین تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔
بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے نیویارک میں ایک بیان میں نو منتخب صدر کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ہمیں امید ہے کہ نومنتخب صدر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی کوششوں کو دوگنا اور بنیادی حقوق کے حصول میں کشمیریوں کی مدد کریں گے جس کا ان سے وعدہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر نہ صرف قدیم ترین حل طلب تنازعات میں سے ایک ہے بلکہ برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا بھی ہے۔
آزاد جموںوکشمیر کے صدر نے حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی دہائیوں طویل جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ نو منتخب صدر اپنے سفارتی ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے اس تنازعہ کو حق خود ارادیت کے عالمی طور پر تسلیم شدہ اصول کے مطابق حل کریں۔
انہوں نے Csaba Korosiپر زور دیاکہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیرمیں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں، بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ بھارت کا 5 اگست 2019 کا یکطرفہ فیصلہ اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں انسانی حقوق کی مزید خلاف ورزیوں اور صورتحال کو خراب کرنے کا باعث بنا ہے۔ .
دریں اثناءصدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اتوار کو بروکلین، نیویارک میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔