پی اے جی ڈی نے انتخابی فہرستوں میں غیر کشمیریوں کو شامل کرنے کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے کمیٹی قائم کردی
جموں08اکتوبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے مشترکہ پلیٹ فارم ”پیپلز الائنس فارگپکارڈیکلیریشن” نے ایک 14رکنی کمیٹی قائم کی ہے جو علاقے میںنظرثانی شدہ انتخابی فہرستوں میں غیر مقامی لوگوں کو شامل کرنے اور ان میں ہیرا پھیری کی کسی بھی کوشش سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی وضع کرے گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں میںپیپلز الائنس فارگپکارڈیکلیریشن کے اجلاس کے بعدفورم کے ترجمان محمد یوسف تاریگامی نے ایک بیان میں کہا کہ کمیٹی میں پی اے جی ڈی کی پانچ اکائیوں کے ساتھ ساتھ کئی دیگر سیاسی جماعتوں کے ارکان بھی شامل ہیں۔کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے یوسف تاریگامی نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ ریٹائرڈ جسٹس حسنین مسعودی پینل کے کنوینر ہوں گے۔پی اے جی ڈی جس میں نیشنل کانفرنس، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی،کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ)،کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا اور عوامی نیشنل کانفرنس شامل ہے،کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے لیے مہم چلا رہا ہے۔تاریگامی نے کہا کہ 10ستمبر کو جموں میں فاروق عبداللہ کی صدارت میں مختلف سیاسی جماعتوں کے سینئر رہنمائوں کا ایک اجلاس ہواتھا جس میں تفصیلی مشاورت کے بعدنظرثانی شدہ انتخابی فہرستوں میں غیر مقامی افراد کو شامل کرنے اور ان میں ہیرا پھیری کی کسی بھی کوشش سے نمٹنے کے لئے مستقبل کی حکمت عملی طے کرنے کی خاطر ایک پینل تشکیل دینے کا فیصلہ کیاگیاتھا ۔