حریت رہنمائوں کو بدنام کرنے کی بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی مہم کی مذمت
سرینگر 09 ستمبر (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے میں حریت رہنمائوں کو بدنام کرنے کیلئے بھارتی خفیہ ایجنسیوں ، زرخریدمیڈیا اور آر ایس ایس کے کارکنوں کی مہم کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی خفیہ ایجنسیوں اور آر ایس ایس کو چیلنج کیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی اظہار ائے کی آزادی ، پر امن اجتماع اور ا ن کے اکٹھے ہونے پر عائد پابندیاں اٹھا کر ان کا سامنا کریں تو انہیں حریت رہنمائوں کی کشمیری عوام میں مقبولیت کا پتہ چل جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی شہادت کے بعدمقرر کئے گئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے نئے عہدیدار ثابت قدمی سے بزرگ رہنماء کے نظریہ پر عمل درآمد جاری رکھیں گے ۔ حریت ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کی شہری آزادیوں کی فراہمی اور غیر قانونی طور پر نظربند تمام حریت رہنمائوں اور کارکنوں بشمول نئے حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ اور وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔