سرینگر:حریت رہنماﺅں کا شہید الطاف احمد شاہ کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی
سرینگر 14 اکتوبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز لیگ کا ایک وفد کل جماعتی حریت کانفرنس کے شہید رہنما الطاف احمد شاہ کے اہلخانہ سے اظہاریکجہتی کیلئے سرینگر کے علاقے بچھ پورہ میں انکے گھر گیا۔
وفد میں حاجی عبدالقدوس، بشیر احمد مخدومی، غلام نبی درزی، عبدالحمید اور عبدالعزیز آحنگر شامل تھے۔ انہوں نے اس موقع پر جدوجہد آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔
جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے وفد نے جہانگیر غنی بٹ کی قیادت میں الطاف احمد شاہ کی رہائش گاہ پر جا کر غمزدہ خاندان سے تعزیت کی۔ جہانگیر غنی بٹ نے اس موقع پر شہید قائد کو کشمیر کی جاری تحریک آزادی میں ان کے کردار اور قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداءکی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔
دریں اثناءپاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے مظفرآباد میں جاری ایک بیان میں الطاف احمد شاہ کے حراستی قتل کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری قیدیوں کو دانستہ طور پر طبی سہولیات سمیت ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رہا ہے، مودی کی قیادت میں فسطائی بھارتی حکومت کی اس طرح کی کارروائیاں مقبوضہ علاقے کے لوگوں سے اس کی نفرت اور دشمنی کو ظاہر کرتی ہیں۔
انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشیا واچ اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، ایاز اکبر، نعیم احمد خان، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ سمیت غیر قانونی طور پر نظر بند تمام حریت رہنماو¿ں کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔