پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے مزید 3رہنماء گرفتار، کالاقانو ن لاگو
نئی دلی 19اکتوبر (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست کیرالہ میں پولیس نے مسلم تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے مزید تین رہنمائوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کا کالا قانون یو اے پی اے لاگو کر دیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پی ایف آئی کے گرفتار رہنمائوں میں شاہجہان، ابراہیم اور شیفید شامل ہیںجن کا تعلق کیرالہ کے ضلع تھریسورکے علاقوں آن چنگڈی اور چاواککڈ سے ہے۔پولیس نے الزام لگایا کہ تنظیم پر پابندی عائد کئے جانے کے فورا بعد پی ایف آئی کے رہنمائوں نے ریلیاں نکالی تھیں جس کی وجہ سے انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔گزشتہ ماہ بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے نے ملک بھر میں متعدد مقامات پر چھاپے مارکر پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے سینکڑوں رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کیاتھا۔ بعد ازاں بھارتی وزارت داخلہ نے پی ایف آئی اور اس سے منسلک آٹھ تنظیموں پر پانچ سال کے لیے پابندی عائد کر دی تھی۔