بی جے پی اوراسکی کٹھ پتلیاں انتخابات جیتنے کیلئے غیر کشمیری ووٹروں کو مقبوضہ کشمیر لا رہی ہیں: عمر عبداللہ
سرینگر 19اکتوبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی کٹھ پتلیاں مقبوضہ علاقے میں انتخابات جیتنے کے لیے غیر کشمیری ووٹروں کو جموں و کشمیر لا رہی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عبداللہ نے ان خیالات کا اظہار پارٹی عہدیداروں کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں مقبوضہ علاقے کے موجودہ سیاسی منظر نامے اور باغبانی کے شعبے کو درپیش چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ لوگوں تک پہنچیں کیونکہ ہماری پارٹی کے ارکان پر ایک اضافی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے ہر ایک فرد کو بی جے پی اور اس کی مقامی کٹھ پتلیوں کی سازشوں سے ہوشیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جو طاقتیں نیشنل کانفرنس کے خلاف کھڑی ہیں انہیں کشمیریوں کی بالکل بھی حمایت حاصل نہیں ہے جس کی وجہ سے انہیں انتخابات جیتنے کیلئے غیر کشمیری ووٹروں کومقبوضہ علاقے لانا پڑرہا ہے۔عمر عبداللہ نے کہاکہ سوپور اور دیگر بالائی علاقوں کے رہائشیوں کو بھی بتانا ہوگا کہ کس طرح بی جے پی اور اس کی کٹھ پتلیاں درآمد شدہ ووٹروں کو لا کر مقبوضہ کشمیرمیں آبادی کے تناسب اور ثقافت کو تبدیل کرنے کے درپے ہیں۔اجلاس کے دوران کہاگیا کہ باغبانی کے شعبے کومسائل کا سامنا ہے جس سے لاکھوں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے ۔ انہوں نے سرینگر جموں شاہراہ پر پھلوں سے لدے ٹرکوں کی بلا تعطل نقل و حرکت یقینی بنانے پر زوردیا ۔