مقبوضہ جموں و کشمیر

ایوارڈ یافتہ کشمیری فوٹو جرنلسٹ پر سفری پابندی انتقامی کارروائی ہے : ایمنسٹی انٹرنیشنل

لندن 19اکتوبر (کے ایم ایس)ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پلٹزر کا ایوارڈ حاصل کرنے والی کشمیری فوٹو جرنلسٹ ثنا ارشاد متو پر سفری پابندی کو انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جبری سفری پابندیاں بھارتی حکام کا اہم حربہ بن چکا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے سربراہ آکار پٹیل نے ثنا ارشاد کو دہلی کے ہوائی اڈے پر امیگریشن حکام کی جانب سے بیرون ملک سفر کرنے سے روکنے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آزاد اور تنقیدی آوازوں کو خاموش کرنے کے لئے جبری سفری پابندیاں بھارتی حکام کا اہم حربہ بن چکاہے۔انہوں نے کہاکہ یہ سفری پابندیاں کسی عدالتی حکم، وارنٹ یا تحریری وضاحت کے ذریعے نہیں لگائی گئیں جس سے کارکنوں اور صحافیوں کے لیے ان کو عدالتوں میں چیلنج کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین سالوں میںبھارتی حکام نے جموں و کشمیر کے خطے سے صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوںکے خلاف سفری پابندیوں کے استعمال میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ انتقامی کارروئیاں انسانی حقوق کے حوالے سے بھارت کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے منافی ہیں۔بھارتی حکام کو تمام سفری پابندیوں کو ختم کرنا چاہیے، اس غیر قانونی عمل کو روکنا چاہیے اور آزادی اظہار اور نقل و حرکت سمیت ہر ایک کے انسانی حقوق کا احترام اورتحفظ کرنا چاہیے اور انسانی حقوق کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے۔ثنا ارشاد متو کو کورونا وبا کے دوران کوریج پر پلٹزر پرائز وصول کرنے کے لئے امریکہ جانا تھا اورایک درست ویزا اور ٹکٹ ہونے کے باوجودانہیں دہلی کے ہوائی اڈے امیگریشن حکام نے روک دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل جولائی میں بین الاقوامی سفر سے روکے جانے کے باوجود انہیںسرکاری طورپر کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔اکتوبر 2019میں جموں و کشمیر کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کیے جانے سے کچھ وقت پہلے 450سے زائد افرادپر جن میں صحافی، وکلائ، سیاست دان، انسانی حقوق کے کارکنان اور تاجر شامل ہیں، بغیر کسی عدالتی حکم کے سفری پابندی لگائی گئیں۔2019 کے بعد سے ایمنسٹی نے کم از کم چھ کشمیری صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، ماہرین تعلیم اور سیاست دانوں کے کیس درج کیے ہیںجنہیں بغیر کسی قانونی جواز کے بھارت سے باہر سفر کرنے سے روک دیا گیا ، ان میں گوہر گیلانی، شاہ فیصل، بلال بشیر، زاہد رفیق، ثنا متو اور آکاش حسن شامل ہیں ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button