بھارت اور پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر بات چیت کرنی چاہیے: فاروق عبداللہ
سرینگر12اگست(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر ایمانداری سے مذاکرات کرنے چاہیے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان کو نیک نیتی سے بات کرنی چاہیے کیونکہ جنگوں سے کوئی چیز حل نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ سرحدی سیاحت کو فروغ دینا یا جموں و کشمیر میں ریلیاں نکالنا صرف ایک تماشا ہے جو اس وقت تک جاری رہے گا جب تک بھارت اور پاکستان مسئلہ کشمیر پر ایمانداری سے بات چیت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے دل صاف ہونے چاہئیں، کافی تماشا ہو چکا ہے۔وہ اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ کیا مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال تبدیل ہو گئی ہے کیونکہ سرحدی سیاحت کو فروغ دیا جا رہا ہے اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بی جے پی کے کارکن ترنگا(بھارتی پرچم )ریلیاں نکال رہے ہیں۔