کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں بھارت مخالف مظاہرے
اسلام آباد 27 اکتوبر (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام آج یوم سیاہ کے موقع پر اسلام آباد، مظفر آباد اور پاکستان و آزاد کشمیر کے دیگر شہروں میں بھر پور بھارت مخالف مظاہرے کیے گئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنماو¿ں شیخ عبدالمتین، سید یوسف نسیم، مشتاق احمد بٹ، زاہد اشرف، گلشن اقبال، مشتاق الاسلام، امتیاز وانی، انجینئر محمود مشتاق اور داوود یوسف زئی، قاضی عمران نے کراچی کوئٹہ، پشاور، لاہور، مظفرآباد، میرپور اور کوٹلی میں احتجاجی مظاہروں کے دوران نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں بڑھتی ہوئی خونریزی بھارتی فورسز کو دیے گئے بے لگام اختیارات کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرکے وہاں کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنماو¿ں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں نسل کشی کر رہا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے سے بھارتی فوجیوں کے انخلائ، تمام کالے قوانین کی منسوخی اور تمام بے گناہ کشمیری نظربندوں کی رہائی میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔