امیت شاہ کو فوری طور پر گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی جانی چاہیے: منیش سسوڈیا
نئی دہلی29اکتوبر(کے ایم ایس) دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسوڈیا نے کہا ہے کہ اگر بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ مختلف ریاستوں میں ارکان اسمبلی کو خریدنے اور حکومتیں گرانے کی سازش میں ملوث ہیں تو انہیں فوری طور پر گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی جانی چاہیے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق منیش سسوڈیا نے ہفتے کے روز ایک آڈیو کلپ چلا ئی جس میں بی جے پی کے ایک رہنما تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو لالچ دیتے ہیں اورنئی دہلی میں عام آدمی پارٹی کے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی بات کرتے ہیں۔بھارتی ذرائع ابلاغ کی ایک رپورٹ کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ نے ایک نیوز بریفنگ میں تین آدمیوں کی تصویر یں دکھاتے ہوئے کہاکہ تینوںکو ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی خریدنے کے لیے 100کروڑ روپے کے ساتھ پکڑا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج بی جے پی کے” آپریشن لوٹس” کی ایک بڑی مثال سامنے آئی ہے کہ کس طرح سے وہ ارکان اسمبلی کو خریدتے ہیں اور منتخب حکومتوں کو گرا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہلی اور تلنگانہ میں اس طرح کی کڑیاں پائی جاتی ہیں اور عام آدمی پارٹی کے پاس اس کا ثبوت ہے۔ منیش سسوڈیا نے کہا کہ 27اکتوبر کو تلنگانہ میں چھاپوں کے دوران تین افراد کو گرفتار کیا گیا اور 100کروڑ روپے ضبط کئے گئے۔تینوں افراد بی جے پی سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس آڈیو میں بی جے پی کے دلال کو ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو بی جے پی کی طرف راغب کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، یہ کہتے ہوئے کہ وہ دہلی کے 43ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے رقم الگ رکھی گئی ہے۔ دلال کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ اس نے شاہ اور بی ایل سنتوش سے بات کی ہے۔ منیش سسوڈیا نے کہاکہ اس طرح کی سازشیں آٹھ ریاستوں میں کی گئیں۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں آپریشن لوٹس کو بے نقاب کیا گیا ہے۔دہلی کے نائب وزیر اعلی نے مطالبہ کیا کہ اگر یہ وزیر داخلہ امیت شاہ ہیں جس کا تذکرہ بی جے پی کا دلال آڈیو میں کرریا ہے تو انہیں فوری طور پر گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی ملک کے وزیر داخلہ اس طرح کی سازش میں ملوث ہیں تو یہ ملک کے لیے بہت خطرناک ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تحقیقاتی ایجنسی اس معاملے کی تحقیقات کرے تاکہ حقیقت سامنے آسکے۔