بلقین بانو کے مجرموں کو واپس جیل بھیجا جائے، دہلی کمیشن برائے خواتین
نئی دہلی 30 اکتوبر (کے ایم ایس)دہلی کمیشن برائے خواتین نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خطہ لکھا ہے جس میںبلقیس بانو کے تمام مجرموں کو دوبارہ جیل بھیجنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دہلی کمیشن برائے خواتین کی سربراہ سواتی مالیوال نے خط میں مجرموںکی رہائی پر شدید ناراضگی ظاہر کی ہے ۔ انہوںنے خط کی ایک کاپی اپنے ٹویٹر پر بھی پوسٹ کی ہے ۔ انہوںنے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ میں نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر بلقیس بانو کے مجرموں کو واپس جیل بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوںنے عصمت دری کے قصورواروں کی سزا میں چھوٹ اور پیرول کو ختم کرنے کیلئے مضبوط قوانین اور پالیسیوں کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ گجرات میں 2002کے مسلم کش فسادات کے دوران ہندو انتہا پسندوں کے ایک گروپ نے بلقیس بانو کو اجتماعی آبروریزی کا نشانہ بنایا تھا ۔ مجرموں نے انکی ایک شیر خوار بچی سمیت انکے خاندان کے کئی افراد کو قتل بھی کر دیا تھا۔گجرات کی بی جے پی حکومت نے رواں برس 15اگست کو بھارتی یوم آزادی کے دن مجرموں کو جیل سے رہا کر دیا تھا۔