مسئلہ کشمیر کی وجہ سے پوری دنیا کے امن کو خطرات لاحق ہیں، جاوید میر
سرینگر03 اکتو بر(کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں حریت رہنما جاوید احمد میرنے کہا ہے مسئلہ کشمیر کی وجہ سے پوری دنیا کے امن کو خطرات لاحق ہیں لہذا عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس مسئلے کے پر امن حل کیلئے کردار ادا کریں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جاوید احمد میر نے سرینگر میں مختلف تعزیتی جلاسوں کے دوران اپنی گفتگو میں کہا کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے کشمیری شدیدمشکلات کا شکار ہیں اور ایک تکلف دہ زندگی گزاررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیا ن کشیدگی کا بنیادی سبب ہے اور جب تک اس مسئلے کو حل نہیں کیا جاتا دونوں کے درمیان تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے بھارتی جیلوں میں سالہا سال سے غیر قانونی طور پر نظر بند آزادی پسند رہنماﺅں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ۔ جاوید احمد میر نے تمام شہدائے کشمیرکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکی عظیم قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔