1947 کا جموں کا قتل عام انسانی تاریخ کا بدترین سانحہ ہے: غلام احمد گلزار
سرینگر 04 نومبر(کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ 1947 کا جموں کا سانحہ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا قتل عام اور بدترین سانحہ ہے۔ .
ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی افواج، بھارتی فوج ،راشڑیہ سیوک سنگھ اورہندو مہاسبھا کے ہندو انتہا پسندوں نے 1947 میںنومبر کے پہلے ہفتے میں جموں کے مختلف علاقوں میں لاکھوں کشمیریوں کا اس وقت قتل عام کیا جب وہ پاکستان کی طرف ہجرت کر رہے تھے۔ حریت رہنما غلام احمد گلزار نے سری نگر سینٹرل جیل سے جاری اپنے ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ یہ مسلم کمیونٹی کو ختم کرنے اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی منظم نسل کشی تھی ۔نریندر مودی کی فسطائی حکومت کشمیر کو ہندو راشٹر کا حصہ بنانے اور کشمیریوں پر ہندوتوا نظریہ مسلط کرنے کے لیے 1947 کی طرح ایک اور قتل عام کا منصوبہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ 6 نومبریوم شہدا کے طور پر منائیں اور اس عہد کی تجدید کریں کہ شہدا کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔حریت رہنما نے لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ تحریک آزادی کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اس دن بھارت مخالف مظاہرے، سیمینار اور سمپوزیم منعقد کرکے شہداء کوو خراج عقیدت پیش کریں۔
غلام احمد گلزار نے کہا کہ مودی کی زیر قیادت آر ایس ایس کی ہندوتوا حکومت کشمیر کو قبرستان میں تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے بھارت نے مقبوضہ علاقے میں دس لاکھ سے زیادہ مسلح بھارتی فوجی تعینات کررکھے ہیں۔ حریت رہنما نے کہا کہ قتل، تشدد، آتش زنی، گرفتاریاں اور خواتین سے چھیڑ چھاڑ روز کا معمول بن گیا ہے۔غلام احمد گلزار نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں غیر ریاستی ہندو جنونیوں کو ڈومیسائل دیے گئے ہیں اور انہیں مقبوضہ علاقے میں آباد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کرنے کے لیے ان شدت پسندوں کو بھارتی فوج تربیت، فنڈنگ اور مسلح کر رہی ہے۔حریت رہنما نے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ چوکس رہیں اور ہندوتوا کی سازش کو ناکام بنانے کے لیے آپس میں اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری کبھی ہار نہیں مانیں گے اور خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔ غلام احمد گلزار نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں انسانیت کو بچانے کے لیے آگے آئیں۔
دریں اثنا، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما حاجی محمد سلطان بٹ نے بھی اپنے ایک بیان میں کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ 6 نومبر کو یوم شہدا کے طور پر منائیں تاکہ تحریک آزادی کے شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔
KMS-3/A