محمود احمد ساغر کی طرف سے شبیر شاہ کی رہائش گاہ ضبط کئے جانے کی مذمت
اسلام آباد 04نومبر (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے غیر قانونی طورپر نظربند سینئر حریت رہنماء شبیر احمد شاہ کی رہائش گاہ کو ضبط کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت نئی دلی کی تہاڑ جیل میں مئی 2017سے مسلسل غیر قانونی طورپر نظربند سینئر حریت رہنماء شبیر احمد شاہ کی سرینگر کے علاقے بوتشاہ کالونی صنعت نگر میں واقع رہائش گاہ کی ای ڈی کی طرف سے ضبطگی انتہائی قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے حریت قائدین کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیاجاسکتا ۔محمود احمد ساغر نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما مولوی بشیر احمد کی گرفتاری پر بھی تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ گرفتاریوں اور املاک ضبط کئے جانے سے کشمیری حریت قائدین کو ہر گز مرعوب نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال کی پالیسی کو ترک کرے اور دیرینہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے۔