بڈگام، بارہمولہ: فلسطینیوں کے حق میں ریلیاں نکالنے پر منتظمین کے خلاف مقدمات درج

سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس نے بڈگام کے علاقے بیرواہ میں یوم القدس کے موقع پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالنے پر منتظمین اور شرکاءکے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق منتظمین اور شرکاءکے خلاف بیرواہ تھانے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون” یو اے پی اے“ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے شرکا پر الزام عائد کہ انہوں نے قابل اعتراض نعرے لگائے۔
دریں اثنا بارہمولہ ضلع میں بھی پولیس نے ان افراد کے خلاف یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا ہے جنہوں نے پٹن کے علاقے چنابل میں حزب اللہ کے جھنڈے اٹھائے اور تنظیم کے حق نعرے لگائے ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ چنابیل میں ایک جلوس کے دوران کچھ افراد حزب اللہ کے جھنڈے، پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے ،ان افراد کو حزب اللہ کی حمایت میں نعرے لگاتے بھی سنا گیا۔ان لوگوں کے خلاف پٹن تھانے میں مقدمہ درج کیاگیا۔





