”این آئی اے “مغربی بنگال میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے ،ممتا بنرجی
کولکتہ11 نومبر (کے ایم ایس) بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) ریاست میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے۔
ممتا بنرجی نے ضلع نادیہ کے انتظامی جائزہ اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ این آئی اے ریاست میں اکثر و بیشتر فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے کا کام کر رہی ہے۔انہو ں نے کہا کہ مرشد آباد میں کچھ فرقہ پرست گروہ پریشانی پیدا کررہے ہیں جنہیں این آئی مزید اکسانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ تمام عوامی نمائندوںکو چاہیے کہ وہ ایسے فرقہ وارانہ عناصر سے ہوشیار رہیں اور کسی ایک چھوٹے سے واقعے کو بڑے بحران میں تبدیل نہ ہونے دیں۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے انتظامی جائزہ اجلاس میںریاست کے پولیس ڈائریکٹر جنرل مانوک مالویہ کو ہدایت کی کہ وہ دسمبر میں ممکنہ کشیدگی کے بارے میں اپنی فورس کو چوکس کریں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ دسمبر میں ریاست میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش کی جا سکتی ہے جیسا کہ کرناٹک میں کیا گیا تھا۔انہوں نے خبردار کیا کہ ریاست میں اگلے برس ہونے والے پنچایتی انتخابات سے پہلے خاص شخصیات کو الاٹ کی گئی گاڑیوں کے ذریعے مختلف علاقوں میں اسلحہ لانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔