سال نو کی تقریبات کی سکیورٹی کی آڑ میں جموں بھر میں فوجی کارروائیاں تیز

جموں :غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیںبھارتی فورسز نے نئے سال کی تقریبات کی سکیورٹی کا بہانہ بناکرپورے جموں خطے میں ہائی الرٹ جاری کردیا اور فوجی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج، پیراملٹری سینٹرل آرمڈ پولیس فورس اورپولیس نے ادھم پور، کٹھوعہ، ڈوڈہ، کشتواڑ، ریاسی، راجوری اور پونچھ سمیت جموں خطے کے مختلف اضلاع میں فوجی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ مشتبہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کا بہانہ بناکراضافی چوکیاںقائم کی گئیں، گشت بڑھادی گئی اور گھروں پرچھاپوں کے ساتھ ساتھ نگرانی سخت کردی گئی۔راجوری ، پونچھ ،جموں، کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع میں بھارتی فورسز کی بھاری تعداد تعینات کی گئی ہے۔ بھارتی پیراملٹری بارڈر سیکورٹی فورس اور پولیس مختلف علاقوں کی تلاشی لے رہے ہیں ، ضلع سانبہ کے علاقے رنگور اور مالوچک میں بھی تلاشی کی کارروائیاں کی گئیں۔ بھارتی فورسزخاص طور پر دیہی اور دور دراز علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کر رہی ہیں اور گھروں پر چھاپے مار رہی ہیںجس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔بھارتی فوج اور پولیس کے اعلی افسران آپریشن کی نگرانی کے لیے باقاعدہ ان علاقوں کے دورے کر رہے ہیں۔مبصرین کاکہنا ہے کہ اہم مواقع پر اس طرح کے سخت فوجی اقدامات مقبوضہ جموں و کشمیر میں طاقت کے استعمال پر بھارت کے انحصار کی عکاسی کرتے ہیں جس سے شہری آزادیاں مزید کم ہورہی ہیں اور مقامی آبادی کو سیکورٹی کی آڑ میں اجتماعی سزاکا نشانہ بنایا جاتا ہے۔








