مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہزاروں لوگوں کی غیر قانونی حراست کی مذمت
اسلام آباد24 نومبر (کے ایم ایس) پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک، انسانی حقوق کے کشمیری علمبردار خرم پرویز سمیت ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کی غیر قانونی نظربندی کی مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشعال ملک نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کہا کہ نریندر مودی کی ہندوتوا بھارتی حکومت نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کو قتل گاہ اور دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خرم پرویز کو سفاک بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کی پاداش میں مسلسل زیر حراست رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بند یاسین ملک کو کئی پیچیدہ امراض کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود انہیں طبی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا فوجی تعیناتی والا خطہ بن چکا ہے۔
مشعال ملک نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی مجرمانہ خاموشی ترک کرے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی پاس کردہ قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔