تصویری نمائش بھارتی ظلم و ستم دنیا بھر کے سامنے لانے کا موثر ذریعہ ہے، مشعال ملک
اسلام آباد08 فروری (کے ایم ایس)
پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال ملک نے کہا ہے کہ تصویری نمائش بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے نہتے عوام پر بھارتی ظلم و ستم اور بربریت کو دنیا بھر کے سامنے لانے کاموثر ذریعہ ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے بدھ کو نیشنل آرٹس کونسل کے زیر اہتمام تصویری نمائش کے موقع پر کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں، ریاستی ظلم وجبر اور مودی سرکار کے اوچھے ہتھکنڈوں کو دنیا بھر کے سامنے بے نقاب کرنا ہی اصل مقصد ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ وادی کو ایک سب جیل میں تبدیل کرنے اورگزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی فورسز کی دہشت گردی اور کشمیریوں کی نسل کشی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔مشعال ملک نے کہا کہ ہندوستان سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے۔وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فسطائی مودی حکومت نے بھارتی غاصبانہ قبضے کے تحت مقبوضہ کشمیر پر مسلسل ظلم جاری رکھا ہوا ہے اور مجرمانہ طریقوں سے مقبوضہ علاقے کے آبادی کے تناسب کو بگاڑا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گااوران کے انسانی اور سیاسی حقوق کے تحفظ کا وعدے پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ کشمیریوں کو اپنی متعلقہ قراردادوں کے مطابق آزادی دلائے اور اس تنازعہ کا کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق جلد از جلد حل کرے۔