مقبوضہ وادی کشمیر، شدید سردی کے باعث ڈل جھیل کے کچھ حصے منجمد ہو گئے
سری نگر، 08 دسمبر، (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میںسردی کے شدید ترین موسم ”چلہ کلان“کے آغاز سے پہلے سے سخت سردی کا زور برابر جاری ہے جس کے باعث سرینگر کی شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کچھ حصے منجمد ہو گئے ہیں۔ مقبوضہ علاقے میں چلہ کلاں کا آغاز 21دسمبر سے ہوتا ہے ۔ سخت سردی کا یہ موسم 31جنوری تک جاری رہتاہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محکمہ سوسمیات کے ایک ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ وادی کشمیر میں رات کے وقت درجہ حرارت میںمزید گراوٹ درج ہوئی ہے اور سیاحتی مقام پہلگام سرد ترین جگہ رہی ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.6ریکارڈ ہوا ہے جو رواں سیزن کی اب تک کی سرد ترین رات ہے۔ دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ مغربی ہواﺅں کی ایک تازہ لہر نو دسمبر کی شام تک وادی میں داخل ہو سکتی ہے جس کے نتیجے میں دس دسمبر کی شام تک برف باری کا امکان ہے ۔