عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے باز رکھے، پاکستان
اسلام آباد، 09 دسمبر (کے ایم ایس) پاکستان نے عالمی برادری سے اپنے اس مطالبے کا اعادہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے باز رکھے۔
اس مطالبے کا اعادہ انسانی حقوق کے وزیر ریاض حسین پیرزادہ اور مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے آج (جمعہ) اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کیا۔ریاض حسین پیرزادہ نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر سے فوری طور پر اپنی فوج کا انخلا کرے اور مقبوضہ علاقے میں عائد تمام پابندیاں ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا جنہیں گزشتہ سات دہائیوں سے بدترین بھارتی مظالم کا سامنا ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور ہر عالمی فورم پر ان کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ اور فلسطین میں قانون اور انسانی حقوق کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔