وزیر خارجہ، او آئی سی کے سربراہ کا مقبوضہ جموں وکشمیرکی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد11دسمبر(کے ایم ایس) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ نے وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر بات چیت کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ملاقات کے دوران تنازعہ جموں و کشمیر ، غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی صورتحال، مسئلہ فلسطین، اسلامو فوبیا اور افغانستان کی صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں اطراف نے او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی، سماجی اور تکنیکی تعاون کے اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ایک وفد کے ہمراہ تین روزہ دورے پر پاکستان میں ہیں۔ نومبر 2021میں عہدہ سنبھالنے کے بعد حسین براہیم طحہ کا ملک کا یہ پہلا دورہ ہے۔دورے کے دوران او آئی سی کے سیکرٹری جنرل وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ وہ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ آزاد جموں و کشمیر کا بھی دورہ کریں گے۔ 57ریاستوں پرمشتمل او آئی سی نے جو کہ اقوام متحدہ کے بعد دنیا کی دوسری سب سے بڑی تنظیم ہے ، ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے۔ ستمبر 1969میں قائم ہونے والی او آئی سی نے ہمیشہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائی۔ وہ اپنے اجلاسوں میںتنازعہ کشمیرکو بھرپور انداز میں اجاگرکررہی ہے اور اس سلسلے میں کئی قراردادیں پاس کر چکی ہے۔ وہ اپنے قیام کے بعد سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کر رہی ہے۔