شاعر مشرق علامہ اقبال کو شاندار خراج عقیدت
سرینگر 09نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو انکے یوم ولادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں محمد خان سوپوری ،ڈاکٹر معصب ،جموں وکشمیر مسلم لیگ اورجموں وکشمیر ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں کہاہے کہ علامہ اقبال نے ڈوگرہ سامراج کے خلاف کشمیری مسلمانوں کی جدو جہد کی ہمیشہ بھر پور حمایت کی اور اپنی شاعری کے ذریعے کشمیریوں میں جذبہ آزادی کی روح پھونکی۔انہوں نے کہاکہ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے جس وطن کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا ،ریاست جموں و کشمیر اس کا لازمی حصہ تھی۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے جد وجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب وہ اپنی جد وجہد میں کامیاب ہونگے اور ریاست جموںو کشمیر کا الحاق مملکت خداداد پاکستان سے ہوگا۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ کے کنوینر محموداحمد ساغر اور دیگر رہنمائوں بشمول شیخ عبدالمتین ، امتیاز وانی،سید اعجاز رحمانی ، شمیم شال ، سید منظور احمد شاہ ، شیخ محمد یعقوب، الطاف حسین وانی اور الطاف احمد بٹ نے بھی اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو انکے یوم دلادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔