پاکستان

عالمی برادری مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے، صدر مملکت

اسلام آباد 10دسمبر (کے ایم ایس )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کردار ادا کریں۔
صدر مملکت نے آج انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا 10 دسمبر 1948کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی طرف سے جاری کیا گیا انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ ایک تاریخی دستاویز ہے جو ان حقوق کی توثیق کرتا ہے جن کا نسل، رنگ، مذہب، جنس، زبان، سیاسی یا دیگر نظریات، قومی یا سماجی نسبت، جائیداد، پیدائش یا کسی اور مقام سے قطع نظر ہر انسان حقدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہئے جو بھارت کے مظالم اور ناانصافیوں کا شکار ہیں۔ انہوںنے کہا کہ میں ایک بار پھر اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیتا ہوں کہ وہ اپنا کردار ادا کریں تاکہ کشمیری بھی انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنے تمام حقوق سے لطف اندوز ہو سکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا آئین انسانی حقوق کے عالمگیر اعلامیہ میں درج اقدار کی عکاسی کرتا ہے، ہم بحیثیت قوم برابر اور آزاد، یکساں حقوق اور ایک ہی وقار کے ساتھ پیدا ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ ہم سب کو اپنے اور دوسروں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے قابل بناتا ہے، ہم انفرادی طور پر، اپنے گھروں، اسکولوں اور کام کی جگہوں پر ان حقوق کو برقرار رکھ سکتے ہیں جو ہم سب کی حفاظت کرتے ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button