آزاد کشمیرکشمیری تارکین وطن

برطانیہ میں منعقدہ کانفرنس میں عالمی برادری سے کشمیراور فلسطین پر قبضہ ختم کرانے کی اپیل

برمنگھم 13دسمبر(کے ایم ایس)برمنگھم میں منعقدہ کانفرنس میں منظور کی گئی ایک قرارداد میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کشمیر اور فلسطین پر بھارت اور اسرائیل کے غیر قانونی قبضوں کو ختم کرانے کے لیے کوششیں تیز کرے۔
”کشمیر سے فلسطین تک۔قبضہ ایک جرم ہے”کے عنوان سے کانفرنس کا اہتمام تحریک کشمیر برطانیہ، فلسطین سالیڈیرٹی کمپین اورسٹاپ دی وار کوئلیشن نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔قرارداد میں برطانوی حکومت پر زوردیا گیا کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والی ریاستوں پر بلا تفریق پابندیاں عائد کرے۔ کانفرنس میں افسوس کا اظہار کیا گیاکہ برطانوی حکومت انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پابندیاں لگانے سے ہچکچا رہی ہے۔قرارداد میں کہا گیا کہ برطانیہ کی حکومت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پرکچھ ریاستوں اور افراد کے خلاف پابندیاں لگائی ہیں لیکن وہ کشمیری اور فلسطینی عوام کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اسی طرح کی پابندیاں لگانے میں ناکام رہی ہے۔ برطانیہ اور کسی دوسری ریاست کے درمیان خاص طورپر ہرقسم کی تجارت بین الاقوامی قانون پر عملدرآمد سے مشروط ہونی چاہیے۔قرارداد میں کہاگیاکہ اسرائیل اور بھارت دونوں کے ساتھ برطانیہ کی تجارت بین الاقوامی قانون سے متصادم ہے خاص طور پر جب بات ہتھیاروں کی تجارت کی ہو۔قرارداد میں کہاگیا کہ عالمی برادری کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کرنی چاہیے تاکہ ہر ایک کے انسانی حقوق کا احترام کیا جائے۔ اس میں ریاستوں، بین الاقوامی اداروں، کارپوریشنوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں ملوث افراد کے خلاف پابندیوں کا اطلاق بھی شامل ہونا چاہیے جیسا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون میں بیان کیا گیا ہے۔کانفرنس میں صیہونیت اور ہندوتوا نظریات کے علاوہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں بھارتی اور اسرائیلی آبادکار ی منصوبوں کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ کانفرنس سے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدرفہیم کیانی، ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے صدرمزمل ایوب ٹھاکر،فلسطین سالیڈیرٹی کمپین کے کامل حواش، ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مارٹن سلیوان،انسانی حقوق کی کشمیری کارکن شائستہ صفی، ایسوسی ایشن آف مسلم لائرز کی نائب صدر رائلا جاوید،سٹاپ دی وار کوئلیشن کے شبیر لاکھا اوردیگر نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں پر مظالم ڈھانے میں بھارت اور اسرائیل ایک دوسرے کی مدد کررہے ہیں اور ستم ظریفی یہ ہے کہ عالمی برادری نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جرم میں ملوث دونوں ملکوں کا محاسبہ ہونا چاہیے تاکہ معصوم زندگیوں کو بچایا جاسکے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button