دنیادہشتگردی کے سہولت کاروں کیخلاف کارروائی کیلئے پاکستان کی مددکرے:پاکستان
نیویارک 16 دسمبر (کے ایم ایس)
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کے سہولت کاروں، مالی مدد دینے والوں اور ان کی حمایت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے بین الاقوامی برادری سے مدد کی اپیل کی ہے۔
نیویارک میں گروپ ستتر اور چین کی وزارتی کانفرنس کی میزبانی کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے 2021میں جوہر ٹائون لاہور میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں بھارت کے ملوث ہونے کے حوالے سے پاکستان کے دستاویزی ثبوت کے بارے میں صحافیوں کو آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ ان چار افراد کو دہشت گردی کی فہرست میں شامل کرے جن کا اس اس دہشت گرد حملے سے تعلق ہے جس کا مقصد ایک خطہ ایک شاہراہ اقدام کے تحت جاری چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے کو ہدف بنانا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے قومی سلامتی کے ایک سابق مشیر نے پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کا اعتراف کیاہے۔بھارتی حکومت پر ان حربوں کو ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گرد صرف پاکستان کو نشانہ نہیں بنائیں گے۔ ایک دن بھارت بھی ان کا ہدف ہو گا۔