بھارت: اومیکرون سب ویریئنٹ”بی ایف 7“کے تین کیسز کی تصدیق ،ائر پورٹس پر ہائی الرٹ
نئی دلی22 دسمبر (کے ایم ایس) کورونا وبا کی قسم اومیکرون کے سب ویریئنٹ ”بی ایف 7“ نے بھارت میں پنجے گاڑنے شہروع کر دیے ہیںاور ملک میں اسکے تین کیسز سامنے آئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دو کیسز گجرات جبکہ ایک کیس اوڈیسہ میں سامنے آیا ہے۔ ان تینوں کو ائسولیشن میں رکھا گیا ہے۔اومیکروں سب ویریئنٹ کیسز سامنے آنے کے بعد بھارت میں تمام ائر پورٹس پر ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور بیرون ممالک سے آنے والوں کی سکریننگ ٹیسٹ کرانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈا ویا کی زیر صدارت کورونا جائزہ اجلاس میں وبا کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا اور عوام کو مختلف ہدایات دی گئیں تاہم پابندی سے متعلق کوئی بڑا اعلان نہیں کیا گیا ۔ وزیر صحت نے کہا کہ لوگوں کو بہت احتیاط کرنے کی ضرورت ہے اور ماسک کا استعمال بھی یقینی بنایا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کے مختلف شہر بھی کورونا کی نئی قسم اومیکرون بی ایف7کی زد میں ہیں۔ بی ایف 7دراصل اومیکرون کے ویریئنٹ بی ایف 5کا سب ویریئنٹ ہے اور کہا جارہا ہے کہ اس میں انفیکشن کی وسیع صلاحیت ہے ۔ تاہم اسکی فعالیت کی مدت کم ہوتی ہے ۔ اس میں ان لوگوں کو بھی متاثر کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے جنہیں ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ یہ امریکہ ، برطانیہ ، بیلجیم ، جرمنی ، فرانس اور ڈنمارک جیسے ملکوںسمیت کئی دیگر ملکوںمیں پایا جاچکا ہے۔