8اکتوبر کے تباہ کن زلزلے کے شہدا کی یاد میں حریت دفتراسلام آباد میں دعائیہ تقریب
اسلام آباد08اکتوبر (کے ایم ایس )
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں حریت دفتر میں 8اکتوبر 2005کے تباہ کن زلزلے کے شہدا کی یاد میں ایک دعائیہ تقریب منعقد کی گئی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطا بق دعائیہ تقریب میں شریک حریت رہنمائوں نے کہاکہ 8اکتوبر 2005 کو آنے والے ہولناک زلزلے سے ہزاروں افراد شہید اور زخمی جبکہ کئی علاقے صفحہ ہستی سے مٹ گئے تھے۔ انہوں نے 8اکتوبر کے زلزلے کے شہدا کی بلندی درجات اور پسماندہ گان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ حریت رہنمائوں نے اس موقع پر پیپلز لیگ کے رہنما حاجی عبدالقدوس کی ہمشیرہ اور پیپلز لیگ کے رہنما ظہور احمد شیخ کے بہنوئی کے انتقال پر بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرحومین کے خاندانوں کا شمار تحریک آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں اور خدمات پیش کرنے والے گھرانوں میں ہوتا ہے اور مرحومین نے بھی اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کشمیر کیلئے واقف کررکھی تھی۔ انہوںنے مرحومین کی جنت نشینی اور بلندی درجات کی دعا کی اور پسماندگان کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ 8اکتوبر 2005 کو آنے والے قیامت خیز زلزلے میں کنٹرول لائن کے دونوں اطراف خصوصا آزاد کشمیر اور پاکستان میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا تھااورلاکھوں افراد بے گھر ہو گئے تھے۔