بھارت اپنی ہٹ دھرمی ترک کر کے تنازعہ کشمیر حل کرے ، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ
اسلام آباد 02جنوری(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی روایتی ہٹ دھرمی پر مبنی فوجی اور ہندوتوا پالیسی ترک کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنمائوں سید فیض نقشبندی، شمیم شال اور سید منظور احمد شاہ نے اسلام آباد میں اپنے الگ الگ بیانات میں کہاہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور بھارتی فورسز کے مظالم اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ نے 5جنوری 1949کی قرارداد کے ذریعے جموں و کشمیر کے عوام کو انکا حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز تلاشی اور محاصرے کی نام نہاد کارروائیوں اوربدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے اہلکار چھاپوں کے دوران نہتے کشمیریوں کو بدترین ریاستی دہشت گردی اور مظالم کا نشانہ بنا رہے ہیں اورانہیں ہراساں کیاجارہا ہے ۔ حریت رہنمائوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اورسیاسی کارکنوں اور جماعتوں کی جائیدادوں کی ضبطگی کا سلسلہ روکنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں ۔