مقبوضہ کشمیر :جیل میں قید کشمیری نوجوان نے ایل ایل ایم کے انٹری ٹیسٹ کیلئے کوالیفائی کرلیا
سرینگر 04دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر سینٹرل جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند ایک کشمیری نوجوان نے ماسٹرز آف لا (ایل ایل ایم) کے انٹری ٹیسٹ کیلئے کوالیفائی کرلیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 28سالہ فیروز احمد ڈار نے جو گزشتہ ایک دہائی سے جیل میں قید ہے ایل ایل ایم میں داخلے کیلئے کشمیر یونیورسٹی کے انٹری ٹیسٹ کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔فیروز ڈار کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ ان کا بیٹا گزشتہ 10سال سے جیل میں قیدہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ فیروز 2016میں بارہمولہ سنٹرل جیل میں قید تھا جب اس نے B.Scکی ڈگری اوراسکے ساتھ اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی نئی دلی کے ذریعے انسانی حقوق میں ڈپلومہ مکمل کیاتھا ۔اس کے بعد اس نے 2020میں کشمیر یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور اب اس نے ایل ایل ایم کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ ان کا بیٹا طویل عرصے سے جیل میں قید ہے تاہم تمام تر مشکلات کے باوجود وہ اپنی پڑھائی جاری رکھے ہوئے ہے۔