سوپور قتل عام کے شہداءکو خراج عقیدت
سرینگر06 جنوری (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں نے سوپور قتل عام کے شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے کی بگڑتی ہوئی صورتحال عالمی مداخلت کی متقاضی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابقبھارتی فوجیوں نے 6 جنوری 1993 کو سوپور قصبے میں ادھا دھند گولیاں برسار کر 60 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور رہائشی مکانات اوردکانوں سمیت 350 سے زیادہ عمارتوں کو نذرآتش کیاتھا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں غلام محمد خان سوپوری، زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ، فریدہ بہن جی، ڈاکٹر مصعب، مولانا ساجد ندوی اور محمدعاقب نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ کرنے والے بھارت کے ہاتھ مقبوضہ علاقے میں ہزاروں بیگنا ہ لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ سفاک بھارتی فوجیوں نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران مقبوضہ جموںوکشمیر میں سوپور جیسے بییسوں قتل عام کیے جو عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سوپور اور دیگر قتل عام کے متاثرہ خاندان انصاف کیلئے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں جبکہ قاتل بھارتی فوجی آزادانہ گھوم رہے ہیں۔ حریت رہنماﺅں نے کہا کہ بیگناہ گناہ کشمیریوں کی عظیم قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی اور جموں وکشمیر بھارتی غلامی سے آزادی حاصل کر لے گا۔ انہوںنے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی چیرہ دستیوں کا نوٹس لیکر انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے۔