مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی وجہ عالمی برادری کی خاموشی ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس
قابض انتظامیہ نے جماعت اسلامی کی مزید جائیدادیں ضبط کرلیں
سرینگر 07 جنوری (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال پر عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی کے باعث بھارت کو کشمیریوں پر اپنے مظالم جاری رکھنے کی شہ ملی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کو اپنی سرزمین پر اسکے غیر قانونی قبضے کو چیلنج کرنے کی پاداش میں ظلم و ستم کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل، جعلی مقابلے، بلا جواز گرفتاریاں، بے گناہ لوگوں پر تشدد اور خواتین کی بے حرمتی روز کا معمول بن چکا ہے۔ ترجمان نے افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی برادری نے بھارتی مظالم پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں کا احترام کرنے اور انہیں بغیر کسی تاخیر کے ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت دینے کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔
دریں اثنا نئی دہلی کے زیر کنٹرول ” سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی “(ایس آئی اے )نے وادی کشمیر میں مختلف مقامات پر جماعت اسلامی کی مزید جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ ایک سرکاری عہدیدارنے صحافیوں کو بتایا کہ یہ جائیدادیں ضلع اسلام آباد کے علاقوں سرہامہ، ودی سری گفوارہ اور ارونی کے علاوہ کولگام قصبے میں ضبط کی گئیں۔یاد رہے کہ بھارتی حکام مقبوضہ علاقے میں تحریک آزادی سے وابستہ افراد اور جماعت اسلامی کی جائیدادیں بڑے پیمانے پر ضبط کر رہے ہیں تاکہ تحریک آزادی میںکردار پر انہیں سزا دی جا سکے۔ ایس آئی اے نے مقبوضہ علاقے میں جماعت اسلامی کی 188 جائیدادوں کی نشاندہی کر رکھی ہے جن میں سے بیسیوں ضبط کی جاچکی ہیں۔
بھارتی فوجیوں نے کپواڑہ، اسلام آباد، راجوری، پونچھ، ریاسی، جموں، کشتواڑ، ڈوڈہ اور سانبا اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ فوجیوں نے اس دوران خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کوسخت ہراساں کیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما فریدہ بہن جی نے سرینگر میں ایک بیان میں ممتاز آزادی پسند کارکن سجاد احمد کینو کو ان کے یوم شہادت کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداءکی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔ بھارتی فوجیوں نے اسلام آباد قصبے کے رہائشی سجاد احمد کینو کو8 جنوری 1996 کو شہید کر دیا تھا۔
ادھر بھارتی ریاست ناگالینڈ میں ایک سڑک حادثے میں بھارتی پیرا ملٹری ”بارڈر سیکیورٹی فورس“ کے تین درجن سے زائد اہلکار زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بی ایس ایف اہلکاروں کو انتخابی ڈیوٹی کیلئے Zunheboto قصبے میںلے جانے والی ایک بس دریائے ڈویانگ کے قریب ایک کھائی میں جا گری۔